لاہور- پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے اعلان کردہ 5 اگست کے احتجاج کو مکمل طور پر ناکام اور بے جان قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ احتجاج اپنے آغاز سے قبل ہی فلاپ شو بن چکا ہے، جس میں نہ پارٹی قیادت کی دلچسپی ہے، نہ کارکنان کی شرکت اور نہ ہی عوام کی پذیرائی۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا "پھپھو کی حسرت حسرت ہی رہ گئی۔ سابق بھاوج نے اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے روک دیا۔ جب مہاتما کے اپنے بچے ہی احتجاج میں شریک نہیں ہوں گے تو انقلاب کیسے آئے گا؟”
انہوں نے مزید کہا کہ علیمہ خان بھی اس احتجاج کی ناکامی کی پیشگوئی پہلے ہی کر چکی تھیں، اور پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت خود بھی احتجاج کے حق میں نظر نہیں آتی۔
وزیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی اداروں میں مبینہ 354 ارب روپے کی کرپشن کو ایک کھلی چارج شیٹ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کے فنڈز کی بندربانٹ جاری ہے اور "چور چور” کا شور مچانے والے خود 12 سال سے بدعنوانی کے نئے ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔