اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 2026 کیلئے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی۔سرکاری حج ساڑھے گیارہ سے ساڑھے بارہ لاکھ کا ہوگا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ کی جانب سے حج 2026 کیلیے نئی پالیسی کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق سرکاری کوٹے پر حج 2026 کی بکنگ کا آغاز اگست 2025 سے ہوگا۔ حاجیوں سے قسط وار پیسے لئے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ ٹورآپریٹرزکو صرف 60 ہزارحاجی لے کرجانے کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کیلئے حج کوٹہ بڑھانے کی منظوری بھی دیدی، پچھلے سال رہ جانیوالی پرائیویٹ حاجیوں کو لے کرجانا پرائیویٹ ٹورآپریٹرزکی ذمہ داری ہوگی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ سال پاکستانیوں کیلئے حج کوٹہ 1لاکھ 79 ہزارتھا جس میں سے 50 فیصد کوٹہ سرکاری جبکہ 50 فیصد پرائیویٹ ٹورآپریٹرزکو دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے سعودی حکومت سے حاجیوں کا کوٹہ بڑھانے کی درخواست کررکھی ہے، امید ہے پاکستان کو اس سال 2 لاکھ 35 ہزارحاجیوں کا کوٹہ ملے گا۔
ذرائع کے مطابق پالیسی میں لکھا گیا ہے کہ حج کوٹہ 1 لاکھ 79 ہزار رہے یا 2 لاکھ 35 تک بڑھ جائے دونوں صورتوں میں نجی ٹورآپریٹرز کو 60 ہزارعازمین لے جانے کی ہی اجازت ہوگی۔سرکاری حج کے اخراجات ساڑھے گیارہ سے ساڑھے بارہ لاکھ تک ہوں گے۔