اوکاڑہ : پی ٹی آئی رہنما چوہدری عبداللہ طاہر کے ڈیرے پر فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے تاہم واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ کے علاقے 32 ٹو ایل میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنما چوہدری عبداللہ طاہر کے ڈیرے پر رات گئے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہو گئے، پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ مبینہ طور پر کاروباری تنازع کا نتیجہ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور چوہدری عبداللہ طاہر کو قتل کرنے کی نیت سے ان کے ڈیرے پر آئے، ملزمان حویلی کی دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی۔
واقعے کے بعد تھانہ صدر میں چوہدری عبداللہ طاہر کے عزیز کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں رانا امجد، رانا زاہد سمیت 12 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم رانا امجد کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا، جبکہ مجموعی طور پر اب تک چھ ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔