راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم آزادی کے موقع پر حب الوطنی کے جذبات سر بھرپور نیا ملی نغمہ جاری کردیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے ہر سال یوم آزادی، یوم پاکستان اور دیگر اہم قومی دنوں پر نغمے جاری کیے جاتے رہے ہیں۔
گلوکار واجد سعید کی جانب سے تیار کیے گائے ملی نغمے ’دل سے پاکستان‘ ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگیا اور صارفین نے اسے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کیا۔
گانے کی ویڈیو میں پاک فوج کی جانب سے بھارت کے خلاف حال ہی میں شروع کیے گئے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ اور معرکہ حق کی جھلکیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح پاک فوج نے دشمن ملک کے بزدلانہ حملوں کی کارروائیوں کا دلیرانہ جواب دیا اور ساتھ ہی ویڈیو میں عالمی اخبارات اور جرائد کی خبروں کے وہ اسکرین شاٹ بھی شامل کیے گئے ہیں، جن میں پاک فوج کی جانب سے بھارت کے رافیل طیارے گرائے جانے کی تصدیق کی گئی تھی۔
ویڈیو میں افواج پاکستان کے جوانوں کو بھی مشکل اور سخت موسمی حالات کے باوجود وطن کی حفاظت کے لیے سرحدوں پر پرجوش انداز میں دکھایا گیا ہے۔
’دل سے پاکستان‘ کی ویڈیو میں پاکستان کے تمام صوبوں کے ثقافتی رنگ اور نوجوانوں کی حب الوطنی کو بھی دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے رنگ بھی دکھائے گئے ہیں جب کہ ملک میں زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں کی جانے والی اصلاحات اور ترقی کو بھی دکھایا گیا ہے۔
ملی نغمے کے جاری ہونے کے بعد اسے ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا اکاؤنٹس سمیت مختلف تقریبات میں بھی نشر کیے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔