اسلام آباد – وزارت مذہبی امور پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ حج 2026 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا عمل 4 اگست بروز اتوار سے باقاعدہ شروع ہو رہا ہے۔ ترجمان وزارت کے مطابق اس سال درخواستیں "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی، جس کے لیے آن لائن پورٹل اور ملک بھر میں منتخب نامزد بینکوں کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، رجسٹرڈ افراد سے حج واجبات کی پہلی قسط 4 سے 9 اگست کے دوران وصول کی جائے گی۔ اگر نشستیں دستیاب رہتی ہیں تو نئے عازمین حج 11 تا 16 اگست تک درخواست دے سکیں گے۔ جیسے ہی نشستوں کی تعداد مکمل ہو گی، رجسٹریشن اور واجبات کی وصولی بند کر دی جائے گی۔
وزارت کے مطابق حج 2026 کے لیے سرکاری اسکیم کا پیکیج 11.5 لاکھ سے 12.5 لاکھ روپے کے درمیان ہو گا، جس میں قربانی (دم شکر) کی رقم بھی شامل ہے۔ حج واجبات کی دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2026 میں چند بڑی تبدیلیاں بھی کی ہیں
- عمر کی بالائی حد کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔
- دوبارہ حج کرنے پر پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے۔
- البتہ، یکم مارچ 2014 کے بعد پیدا ہونے والے بچے حج کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔
درخواست گزار وزارت کے آن لائن حج پورٹل کے ذریعے یا مقررہ بینک برانچز پر جا کر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی مکمل تفصیلات، فارم، اور دیگر شرائط وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔