کویت سٹی – 4 اگست 2025
سفارتی ترجمان انٹرنیشنل ڈیسک
کویت کی وزیر خزانہ نورا الفسام نے اچانک اور بغیر کسی وضاحت کے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جسے امیر کویت نے منظورکرتے ہوئے وزیر انرجی، پانی و بجلی ڈاکٹر صبیح المخیظیم کو عارضی طورپر چارج دے دیا گیا
سرکاری کویت نیوز ایجنسی (KUNA) کے مطابق، پیر کے روز جاری کردہ ایک مختصر اعلامیہ میں صرف اتنا کہا گیا کہ نورا الفسام نے وزارت خزانہ سے استعفیٰ دے دیا ہے، تاہم اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
نورا الفسام، جو کہ ملک میں مالیاتی اصلاحات، معیشت کی تنوع کاری اور تیل پر انحصار کم کرنے کے منصوبوں میں سرگرم کردار ادا کر رہی تھیں، ان کا استعفیٰ ایسے وقت میں آیا ہے جب کویت کو علاقائی اقتصادی دباؤ، تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور عالمی مالیاتی بدلاؤ جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ نورا الفسام کی روانگی نہ صرف اقتصادی پالیسیوں پر اثر ڈالے گی بلکہ یہ کابینہ کے اندرونی اختلافات اور پالیسی سازی کے عمل میں پیچیدگیوں کی عکاسی بھی کر سکتی ہے۔ کویت میں گزشتہ چند برسوں میں متعدد وزرا نے مختلف وجوہات کی بنا پر استعفے دیے ہیں، جن میں پالیسی اختلاف، پارلیمانی دباؤ اور ذاتی مسائل شامل ہیں۔
ایہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب کویت عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور معاشی اصلاحات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوششیں تیز کر رہا ہے۔ نورا الفسام کی رخصتی ان کوششوں کے مستقبل پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔