دبئی نے سیاحت کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم (ڈی ای ٹی) کے مطابق 2025 کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون) میں دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد 99 لاکھ پر پہنچ گئی۔۔ سیاحوں کی تعداد 2024 کے پہلے چھ ماہ کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔
دبئی کے ولی عہد اور ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ یہ ترقی دبئی کو عالمی سیاحتی اور کاروباری مرکز بنانے کے وژن کی عملی عکاسی ہے، جو نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی قیادت کا نتیجہ ہے۔
شیخ حمدان نے کہا کہ دبئی نے عالمی سطح پر اپنی انفرادیت، سلامتی، جدید انفراسٹرکچر، اور سیاحوں کے لیے منفرد تجربات کی فراہمی کے ذریعے اپنا مقام مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے دبئی اکنامک ایجنڈا (D33) کے تحت سیاحت کو جی ڈی پی کی ترقی اور معاشی بہتری کا بنیادی ذریعہ قرار دیا۔
ڈی ای ٹی کی رپورٹ کے مطابق سیاحوں کی سب سے بڑی تعداد مغربی یورپ (22.1 لاکھ)، خلیجی ممالک و مشرق وسطیٰ (15.1 لاکھ)، جنوبی ایشیا (15 فیصد) اور سی آئی ایس و مشرقی یورپ (15 فیصد) سے آئی۔ دیگر خطوں میں امریکہ، افریقہ اور آسٹریلیشیا شامل رہے۔
شہر میں نئی ہوٹل سہولیات کا آغاز بھی جاری رہا، جن میں جمیرا مرسا العرب، شوال میزن، بلٹمور ولاز، اور وِدا دبئی مال شامل ہیں۔ ڈی ای ٹی کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المری کے مطابق، یہ اعداد و شمار عالمی مہنگائی، بدلتے رحجانات اور غیر یقینی حالات کے باوجود دبئی کی اقتصادی حکمت عملی کی مضبوطی کی علامت ہیں۔
2025 کی پہلی ششماہی میں دبئی کو بین الاقوامی سطح پر کئی اعزازات بھی حاصل ہوئے، جو اسے دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کرنے کی سمت ایک اور قدم ہیں۔