صدر ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایسے تمام غیر ملکیوں کیلئے 15 ہزار ڈالر کا ضمانتی بانڈ جمع کرانے کی پابندی عائد کی ہے جو قیام کی مدت پوری ہونے کے باوجود امریکہ میں قیام کا سوچ رہے ہیں۔۔
اس پروگرام کے تحت امریکی قونصل افسران کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ ان ممالک سے آنے والے افراد پر بانڈز جمع کرانے کی پابندی عائد کریں جہاں ویزا اوور اسٹے (ویزا کی میعاد گزرجانے کے بعد رکنے) کی شرح زیادہ ہے۔
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بانڈز جمع کرانے کی شرط ان افراد پر بھی لاگو کیے جا سکتے ہیں، جو ایسے ممالک سے آتے ہیں جہاں جانچ پڑتال کی معلومات ناکافی سمجھی جاتی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف سخت اقدامات کو اپنی صدارت کا مرکز بنایا ہے، انہوں نے بارڈر سیکیورٹی کو مضبوط کیا اور ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی گرفتاریوں میں اضافہ کیا ہے۔
امریکی صدر نے جون میں سفری پابندی سے متعلق حکم نامہ جاری کیا تھا جس کے تحت 19 ممالک کے شہریوں پر مکمل یا جزوی طور پر امریکا میں داخلے پر قومی سلامتی کی بنیاد پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کی وجہ سے کئی غیر ملکیوں نے امریکا کا سفر کرنا ترک کر دیا تھا۔
یہ نیا ویزا پروگرام 20 اگست سے نافذ العمل ہوگا اور تقریباً ایک سال تک جاری رہے گا، قونصل افسران کے پاس ایسے ویزا درخواست دہندگان کے لیے تین بانڈ آپشن ہوں گے: پانچ ہزار، 10 ہزار اور 15 ہزار ڈالر، لیکن عام طور پر ان سے توقع کی جائے گی کہ وہ کم از کم 10 ہزار ڈالر کا بانڈ لیں۔