اسلام آباد : وفاقی حکومت نے صوبوں کو مطلع کیا ہے کہ پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کارڈ رکھنے والے 13 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی باقاعدہ وطن واپسی اور ملک بدری کا عمل یکم ستمبر سے شروع کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ وزارت داخلہ کے 31 جولائی کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز، جو کہ پاکستان میں بغیر ویزا قانونی طور پر مقیم آخری افغان باشندے تھے، 30 جون کو کارڈز کی مدت ختم ہونے کے بعد غیر قانونی رہائشی تصور کیے جائیں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے 4 اگست کو چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز اور آئی جی صاحبان کو ایک خط بھیجا گیا جس میں غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے موجودہ منصوبے (آئی ایف آر پی) پر عملدرآمد کی تفصیلات فراہم کی گئیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی اور آر کارڈ ہولڈرز کی رضاکارانہ واپسی فوراً شروع کی جائے گی جبکہ باقاعدہ ملک بدری کا عمل یکم ستمبر 2025 سے نافذ العمل ہو گا۔
وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) رکھنے والے دیگر غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی آئی ایف آر پی کے تحت پہلے سے کیے گئے فیصلے کے مطابق جاری رہے گی۔