کراچی : کراچی میں خونیں ڈمپر نے مزید 2 جانیں نگل لیں، راشد منہاس روڈ پر لکی ون کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا، حادثے کے نتیجے میں بہن بھائی جاں بحق اور والد زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی، جس پر ڈمپرز ایسوسی ایشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریلر اور ڈمپر کھڑے کرکے سہراب گوٹھ پر سپرہائی وے بند کردی، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں خونیں ڈمپر نے مزید 2 جانیں نگل لیں، راشد منہاس روڈ پر لکی ون کے قریب ڈمپر نے موٹرسائیکل کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں باپ اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے،تاہم ہسپتال منتقلی کے دوران بہن اور بھائی نے دم توڑ دیا، جن کی شناخت 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ علی رضا کے نام سے ہوئی ۔
ٹریفک حادثے کے بعد وہاں موجود شہری مشتعل ہوگئے اور انہوں نے 7 ڈمپروں کو آگ لگادی جبکہ حادثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10 افراد کو حراست میں لے لیا، دوسری جانب 7 ڈمپر جلائے جانے پر ٹرانسپورٹرز نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ٹریلر اور ڈمپر کھڑے کرکے سپرہائی وے سہراب گوٹھ پر سڑک بند کردی، جس سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔