لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے دو مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ان مقدمات میں بھی بری کر دیئے گئے۔۔ دیگر مرکزی رہنماؤں میں ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔۔
پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو تھانہ شادمان جلانے کے کیس میں پانچ، پانچ سال قید کی سزا سنائی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کےکیسز کی سماعت کی، عدالت نے 9 مئی کو راحت بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے اور تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا۔۔
22 جولائی کو لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے شیر پاؤ پل جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور سرفراز چیمہ کو 10 10 سال قید کی سزا سنائی تھی جبکہ شاہ محمود قریشی اور حمزہ عظیم سمیت 6 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔
علاوہ ازیں 22 جولائی کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودہا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر اور دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی 2023 کے حوالے سے میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج مقدمہ نمبر 72 کا فیصلہ سنایا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر اور رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت پی ٹی آئی کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی تھی۔