اسلام آباد : چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن کے اثاثوں کی نیلامی کا کیس سننے سے انکار کر دیا ہے۔
بدھ کے روز سماعت کے دوران تین رکنی بینچ نے کیس پرانے بینچ کو بھجوا دیا۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی کا کہنا تھا کہ مناسب ہوگا یہ کیس پرانا بینچ سنے۔
دورانِ سماعت بحریہ ٹاون کے وکیل کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آگیا ہے اور وہ تفصیلی فیصلے پر اپنے مؤکل کی جانب سے اضافی معروضات جمع کراونا چاہتے ہیں۔
عدالت نے اضافی معروضات جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ یہ کیس سن رہا تھا اور اس بینچ نے بحریہ ٹاؤن کے اثاثوں کی نیلامی روکنے سے متعلقُ فوری حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کردیا تھا اور ساتھ یہ بھی حکم دیا تھا کہ متفرق درخواستوں کی بجائے اصل مقدمہ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔