کراچی : پاکستان کی معروف لوک گلوکارہ صنم ماروی نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
صنم ماروی نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی جس میں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری بھی مہمان تھیں۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صنم ماروی نے بتایا کہ میوزک کی وجہ سے مجھے سوشل میڈیا پر بہت ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، میں بھی عام انسانوں کی طرح ہوں، میرا بھی دل چاہتا ہے کہ عبادات کروں لیکن لوگ اس بات کو نہیں سمجھتے۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگ انہیں ان کی گلوکاری کی وجہ سے عبادتیں کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور ان کی پوسٹس پر نامناسب جملے کستے ہیں۔
صنم ماروی نے بتایا کہ اگر وہ عمرے، حج یا زیارات پر جاتی ہیں تو لوگ کمنٹس کرتے ہیں اب آپ بھی عمرہ یا حج کریں گی؟
گلوکارہ کے مطابق اسی طرح جب میں کربلا میں زیارت کرنے جاتی ہوں تو بھی صارفین طعنے دیتے ہیں، کربلا کی زیارت کرکے واپس آنے اور عمرے کی ادائیگی کے بعد دوبارہ کام پر واپس جاؤں تو طعنے ملتے ہیں کہ ابھی تو عمرہ کرکے آئی تھیں اب پھر یہ کام کررہی ہے۔
صنم ماروی کا کہنا تھا کہ گلوکاری میرا کام ہے، روزی روٹی ہے، یہ تو کرنا ہی ہے۔