پشاور : خیبرپختونخوا کے تین اضلاع میں دہشتگردوں کے 5 حملوں میں 5 اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوگئے، دہشتگردوں نے رات کی تاریکی میں اپر دیر، لوئر دیر اور پشاورمیں پولیس کو نشانہ بنایا۔
تفصیلات کے مطابق مسلح دہشتگردوں نے اپر دیر میں پولیس موبائل وین پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں تین اہلکار شہید جبکہ تین شدید زخمی ہوگئے۔
لوئر دیر کے علاقہ لاجبوک میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا جبکہ پشاور میں تھانہ حسن خیل اور دو پولیس چوکیوں پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کیا، حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں دہشتگرد فرار ہوگئے، زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا، دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پشاور، اپر دیر اور لوئر دیر میں رات گئے پولیس پر حملوں کی مذمت کی ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے حملوں میں 5 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر عقیدت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت پر مامور اہلکاروں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام ہے، اس طرح کے واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے، ملک کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہدااوران کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔