کولوراڈو : ایک نئی تحقیق کے مطابق، امریکہ کے شہر ڈینور میں قائم بایوٹیک کمپنی AOA Dx نے اووری (بیضہ دانی) کے سرطان کی ابتدائی سطح پر تشخیص کرنے والا ایک تجرباتی بلڈ ٹیسٹ تیار کر لیا ہے، جو اُن مریض خواتین میں بھی مؤثر ہے جنہیں موجودہ طریقوں سے بآسانی تشخیص نہیں ہو پاتی۔
یہ رپورٹ معروف جریدے کینسر ریسرچ کمیونیکیشنز میں شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا کہ مذکورہ ٹیسٹ مشین لرننگ کے ذریعے متعدد بایومارکرز کی شناخت کرتا ہے، جو بیماری کی تمام اقسام اور مراحل کا پتہ لگانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس تجرباتی ٹیسٹ کو تقریباً 400 خواتین پر آزمایا گیا، جس میں اووری کینسر کی کسی بھی سطح پر موجودگی کی 92 فیصد درست شناخت ہوئی، جب کہ اسٹیج اول یا دوم کی صورت میں اس کی درستگی 88 فیصد رہی۔
کمپنی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اوریانا پاپن-زوغبی نے اس پیش رفت کو خواتین کی صحت کیلئے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیسٹ تشخیص کے عمل کو تیز اور زیادہ مؤثر بنانے میں مدد دے گا، جس کے ذریعے بروقت فیصلے ممکن ہوں گے اور خواتین کو بہتر علاج کی سمت جلد رہنمائی مل سکے گی۔