پروونشیل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں مون سون کے ساتویں سپیل کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔
صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو جاری مراسلے میں اتھارٹی نے کہا ہے کہ 17 سے 21 اگست کے دوران پنجاب بھر میں مون سون کے ساتویں سپیل میں شدید اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل قدرے زیادہ مضبوط ہے جس میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی کنٹرول روم ضلعی ایمرجنسی سینٹرز سے 24 گھنٹے رابطے میں ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جبکہ بالائی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ہیں لہٰذا انتظامیہ الرٹ رہے۔
تمام ڈپٹی کمشنرز لائف بوٹس، لائف رنگز اور ریسکیو سامان اسٹینڈ بائی رکھیں جبکہ ریسکیو، سول ڈیفنس، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمے بھی ہائی الرٹ رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں عملے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب سے اضلاع کو ہر طرح کی امداد فراہم کی جائے گی۔