خیبرپختونخوا میں تباہ کن بارشوں اور سیلابی ریلوں کے بعد متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے پاک فوج نے اہم اقدام اٹھایا ہے۔ فوجی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ پاک فوج کے تمام افسران اور جوان اپنی ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عطیہ کریں گے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ فوج ہر حال میں عوام کی مدد کے لیے میدان میں موجود رہے گی۔ اس سلسلے میں متاثرہ علاقوں میں اضافی فوجی دستے بھی تعینات کیے جا رہے ہیں تاکہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن تیز تر کیا جا سکے۔
پاک فوج نے اپنی ایک دن کی خوراک (راشن) بھی سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے مختص کر دی ہے، جس کی مقدار تقریباً 600 ٹن سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ یہ اقدام متاثرہ آبادیوں کو فوری طور پر خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور آف انجینئرز کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ پلوں اور رابطہ سڑکوں کی جلد از جلد مرمت کی جائے، اور جہاں ضرورت ہو وہاں عارضی پل بھی قائم کیے جائیں تاکہ ریلیف کی ترسیل میں رکاوٹ نہ آئے.
مزید یہ کہ آرمی کے نائن یونٹ کے ریسکیو سنیفنگ ڈاگ یونٹ اور خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی متاثرہ علاقوں میں بھیج دی گئی ہیں۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن پہلے ہی ریلیف آپریشن میں مصروف عمل ہیں، جو متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور امدادی سامان پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں۔
فوجی ترجمان کے مطابق پاک فوج ہر مشکل وقت میں خیبرپختونخوا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔