اسلام آباد — نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے بعد بڑے پیمانے پر ریلیف آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ادارہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) اور خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور قدرتی آفات کے باعث تین سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، جن میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں 5 اور آزاد جموں و کشمیر میں 9 اموات رپورٹ ہوئیں۔ مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی سامان فوری طور پر متاثرہ اضلاع میں پہنچایا جا رہا ہے جبکہ پاکستان آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکاروں کے تعاون سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق تمام آپریشنز کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ قائم ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے خطرات موجود ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں و ندی نالوں کے قریب نہ جائیں۔
این ڈی ایم اے نے خاص طور پر سیاحوں کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنی حفاظت کے پیش نظر آئندہ پانچ سے چھ دن شمالی علاقوں کا سفر نہ کریں۔