ماسکو/اسلام آباد — روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر پیوٹن نے صدر آصف علی زرداری کے نام ایک تعزیتی خط میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ظاہر کی۔
روسی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ روس اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ بنیادی ڈھانچے اور زرعی زمینوں کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔