دنیا بھر میں پھیلی ہوئی پاکستانی کمیونٹی نے 78 واں جشنِ آزادی خوب دھوم دھام سے منایا۔۔
سوئٹزرلینڈ
سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا۔۔ تقریب پاکستان سفارت خانہ برن میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پرچم کشائی تقریب میں سفیرِ پاکستان ڈاکٹر مرغوب سلیم بٹ نے قومی ترانے کی گونج میں پاکستان کا پرچم سربلند کیا۔
مس صائمہ خان نے صدرِ پاکستان اور وزیرِاعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔۔
سفیرِ پاکستان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ 78واں یومِ آزادی پاکستان کی تاریخ میں اس لیے بھی اہم ہے کہ پاکستان نے اپنے روایتی اور ازلی دشمن بھارت کو نہ صرف ناکوں چنے چبوائے بلکہ معرکۂ حق میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو فتح عطا فرمائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی یہ فتح تاریخ کے سنہری حروف میں ہمیشہ لکھی جائے گی اور بھارت کو اس کی ناکامی ہر پل یاد دلاتی رہے گی۔ اس کامیابی سے پاکستان کے وقار اور عزت میں بے پناہ اضافہ ہوا، اور بیرونِ ملک مقیم اوورسیز پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند ہوا۔۔
سوئٹزرلینڈ کے ایک اور شہر آراؤ میں بھی یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منائی گئی۔۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی فیملیز کے ساتھ ساتھ بچوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس سے ماحول میں وطن سے محبت اور ملی یکجہتی کی فضا پیدا ہو گئی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ ترانے کی گونج نے ہال میں موجود شرکاء کو وطنِ عزیز پاکستان کی یادوں اور محبت سے سرشار کر دیا۔
اس موقع پر مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قیامِ پاکستان کی جدوجہد، قربانیوں اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہم سب کی پہچان اور ہمارا فخر ہے، لہٰذا بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نئی نسل کو وطن کی تاریخ، ثقافت اور اقدار سے روشناس کرائیں تاکہ تعلق مضبوط اور نسلوں تک برقرار رہے۔ مقررین نے نوجوانوں کو تعلیم، محنت اور اتحاد کا پیغام دیا اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا۔ بچوں اور بڑوں نے ملی نغمے گا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دی۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا بھی کی گئی۔۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزرن میں پاکستان سوئس سوسائٹی کی جانب سے پاکستان کا 78واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب میں پاکستانی فیملیز اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ تقریب کی میزبانی خود بچوں نے کی۔ تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کے بعد بچوں نے پاکستان کی تاریخ سے متعلق سوالات کیے اور درست جواب دینے والوں کو انعامات دیے گئے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد نئی نسل کو پاکستان کی ثقافت، زبان اور قومی دن کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔ فیملیز نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ بچوں کے باہمی روابط مزید مضبوط ہوں۔
لوزرن میں پاکستانی کمیونٹی کی یہ تقریب اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی پاکستان کی محبت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی
ازبکستان
ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پاکستانی سفارتخانے نے یوم آزادی کے موقع پر ایک شاندار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کی صدارت پاکستانی سفیر احمد فاروق نے کی۔۔
تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے علاوہ سفارت خانے کے اعلیٰ حکام سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قران مجید سے ہوا اور قومی ترانے کی دھن پر سفیر پاکستان احمد فاروق نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ایک آرٹ گیلری بھی قائم کی گئی، جس میں پاکستان کی قومی و ثقافتی نمونوں کی نمائش کی گئی۔
اپنے خطاب میں سفیر پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ "ہم پاکستان کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ آج پاکستان کو ایک نئے روپ میں دیکھا جا رہا ہے، جس کا کریڈٹ ہماری افواج کی شاندار فتح کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان فلسطینی اور کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے، ہمیں مل کر یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کے امن، سلامتی اور تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔”
تقریب کے اختتام پر فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جس نے حاضرین کے جوش و خروش کو بڑھا دی۔۔
فرانس
پاکستان سفارتخانہ لزبن میں جشن آزادی و معرکہ حق کی پروقار تقریب کا انقاد کیا گیا۔۔ مختلف ممالک کے سفراء ، آفشلیز سمییت چیرمین سی ایم پنجاب انسپیکشن ٹیم و ایم پی اے راجہ محمد حینف ایڈوکیٹ نے خصوصی شرکت کی۔۔
تقریب میں پرتگالی جی این آر کے دستے نے پاکستان اور پرتگالی ترانہ بجا کر سماں باندھ دیا۔۔ تقریب چین ، ایران ، بنگلادیش و دیگر ممالک کے سفراء اور پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی.
جشنِ آزادی کے حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گے.
جشنِ آزادی کے شرکاء کو معرکہ بنیان المرصوص کے افواج پاکستان کی کامیابی کے حوالے سے ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی،۔۔ تقریب میں بچوں اورپاکستانی سنگرز نےملی نغمے گا کر سما باند دیا۔۔ شرکاء نے نعرے لگا کر افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا.
پاکستان کے سفیر اعجاز خالد نے پاکستان کی آزادی و سالگرہ کا کیک بھی کاٹا.۔۔ تقریب کے اختتام میں شرکاء کے لیئے ریفریشمنٹ اور پاکستانی آموں کا بھی اہتمام کیا گیا
پرتگال
مسلم لیگ ن پرتگال کے زیر اہتمام 78 واں یوم جشن آزادی اور معرکہ حق یوم تشکر کو بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔۔ مقامی ہوٹل میں جش آزادی کی تقریب میں بچوں سمیت پاکستانی اور سکھ کمیونٹی نے شرکت کی۔۔ملک پاکستان اور پرتگال کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔۔تقریب کے اختتام میں جشن آزادی کے حوالہ سے کیک بھی کاٹا گیا۔۔
لوٹن
لوٹن میں یومِ آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس میں سفیر پاکستان ڈاکٹر فیصل سمیت برطانیہ بھر سے اہم شخصیات اور کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین، چئیر مین اوپی ایف کے سید قمر رضا ، سابق وزیرِ آزاد حکومت سردار فاروق سکندر، ملک نواز ، مقامی کونسلرز اور لیوٹن بورو کونسل و بیڈفورڈ شائر کونسل کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔
شرکاء نے پاکستان کی آزادی اور ترقی کے لیے یکجہتی پر زور دیا جبکہ افواجِ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے کمیونٹی کو اتحاد اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی۔۔ اس موقع پر جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا اور شرکاء کی پرتکلف ضیافت سے تواضع کی گئی۔
سعوی عرب
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مسلم لیگ ن کی جانب سے 78 ویں جشن آزادی کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں لیگی اراکین نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں ملکر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے
اس موقع پر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آباد اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے پاکستان کی شکل میں ایک آزاد ملک ہمیں دیا جس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ملکر آگے بڑھیں۔۔
شرکاء نے معرکہ حق میں کامیابی پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر ملک و قوم کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے افواج پاکستان کی بدولت پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابلِ تسخیر ملک بن چکا ہے۔۔نوازشریف کو ایٹمی دھماکے کرنے اور وزیراعظم شہبازشریف کو عوامی امنگوں کے مطابق معاشی اور دفاعی فیصلے کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں
امریکہ
پاکستان کے یوم آذادی پر اس سال نیو یارک مین ہیٹن وال اسٹریٹ ، بروکلین کوننز آئی لینڈ ، ریاست نیو جرسی ، لانگ آئی لینڈ کاؤنٹی میں جشن آزادی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔۔ ہر طرف پردیس میں سبز ہلالی پرچموں کے رنگ بیکھر گئے ۔۔۔
پاکستان کے جشن آزادی کی تقریبات میں پاکستانی امریکن کے ساتھ امریکہ کی اہم سیاسی سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔۔۔
نیو یارک مئیر ارک ایڈمز ، نیو یارک کے کونسل جنرل عامر احمد اترزئی اور مئیر آفیس میں پاکستانی کیموںٹی کی نمائندہ عطیہ شہناز نے پرچم کشائی کی۔۔ قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔
میئر نیویارک سٹی ایرک ایڈمز کا کونی آئیلینڈایونیو پر پاکستانی پولیس آفیسرز NYPD کے ساتھ مارچ۔۔۔NYPD کا بینڈ نغمے بکھیرتا رہا، کانگریس وومن ایورٹ کلارک نے خصوصی شرکت کی ۔ جشن پاکستان کا کیک کاٹا گیا۔۔۔ نمایاں کارکرگی پر ایوارڈز دیئے
جنوبی کوریا
سفارت خانہ پاکستان سیول اور پاکستان بزنس ایسوی ایشن کے مشترکہ تعاون سے جشن آزادی کی تقریب منعقد کی گئی ۔ سفیر پاکستان معظم علی شاہ نے خصوصی خطاب کیا اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ گو یانگ سٹی مئیر کے علاوہ کورین کاروباری شخصیات اور مختلف ممالک کے سفیروں نے شرکت کی۔۔ پاکستان کے نامور صوفی سنگر علی عباس اور مناہل ابرار نے قومی نغمے گائے۔۔
مہندی کا خصوصی،سٹال بھی توجہ کا مرکز رہا ۔ پروگرام میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کرکے وطن سے محبت کا اظہار کیا ۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جنہیں حاضرین نے کھڑے ہو کر سنا اور اپنے اپنے وطن سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
گویانگ سٹی کے میئر نے پاکستان کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور پاک-کوریا ثقافتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان کے سفیر سید معظم علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔۔ یہ تقریب “جشن آزادی (معرکہ حق)” کے تھیم کے تحت کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔۔
نیویارک (اقوام متحدہ)
پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ اور قونصلیٹ جنرل کے زیر اہتمام نیویارک میں 78 ویں یومِ آزادی کی تقریب میں پاکستان کے بانیان اور محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔۔
پاک فوج کو انڈیا کے خلاف کامیابی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔۔ جشن پاکستان کی اس پرُ وقار تقریب میں پرچم کشائی پروگرام کی گئی ۔۔۔
تقریب میں پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون، اور مشن و قونصلیٹ کے افسران و عملے نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ، سفیر عاصم افتخار احمد نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ ڈاکٹر محمد اقبال، دیگر بانیانِ پاکستان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنان کو ان کے تاریخی اور ولولہ انگیز کردار پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا، جو انہوں نے ملک کی جمہوری، آئینی اور سیاسی جدوجہدِ آزادی میں ادا کیا۔
سفیر عاصم نے اس امر پر زور دیا کہ محض سات برسوں میں پاکستان کا قیام عالمی برادری میں ایک معجزے سے کم نہیں — جو اس کی قیادت اور عوام کے وژن، منظم منصوبہ بندی اور ثابت قدمی کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، قربانی اور پاکستان کے مقصد سے غیر متزلزل وابستگی ہماری قومی شناخت کی پہچان ہے۔
انہوں نے اس سال کی دوہری مسرت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے "معرکۂ حق” اور "بنیان المرصوص” میں شاندار کامیابی حاصل کر کے مئی میں بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔ یہ کامیابی صرف عسکری میدان تک محدود نہیں بلکہ سفارتکاری اور ابلاغ کے محاذ پر بھی ایک بھرپور کامیابی ہے، جس نے قومی سلامتی کے تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کی ہماری صلاحیت پر قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔
پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ نے ملک کی عسکری قیادت، شہداء اور غازیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کیا، جن کی مادرِ وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں — چاہے بھارتی جارحیت کے خلاف ہوں یا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے — ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، جو حقِ خود ارادیت کے اصول پر مبنی ہے، اور تمام مظلوم عوام بالخصوص فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔
سفیر عاصم نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کی خدمات کو بھی سراہا، جو امن و استحکام، پائیدار ترقی کے اہداف، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کر رہا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایک قابلِ اعتماد شراکت دار ہے جو عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
بانیانِ پاکستان کے نظریات اور اقدار سے تحریک لینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سفیر عاصم نے تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ایک جدید، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے قیام کے لیے اپنی کوششیں دوگنی کریں۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ اس سال ہماری تقریب آزادی معرکۂ حق کی حالیہ کامیابی اور آپریشن بنیان المرصوص کی فتح کے فخر سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحات یاد دلاتے ہیں کہ پاکستان کا دفاع کوئی مجرد خیال نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہے — جو ہر روز ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جرات، نظم و ضبط اور قربانی سے محفوظ بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا: “آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو گہرے احترام اور شکرگزاری کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک خدمات انجام دیتے ہوئے ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں، اس کی اقدار کو وقار کے ساتھ پیش کریں، اور یہ یقینی بنائیں کہ ہمارا ہر عمل — خواہ وہ سفارتکاری میں ہو، انتظامی امور میں یا سروس ڈیلیوری میں — اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کا عکاس ہو۔