اسلام آباد: پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان آج چھٹے سٹریٹجک مذاکرات ہو رہے ہیں جن سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت ملنے کی توقع ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، اس سے قبل وہ انڈیا کے دو روزہ دورے پر تھے، یہ اس سال میں چین کی اعلیٰ قیادت کی طرف سے پاکستان کا پہلا دورہ ہے جسے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
ادھر دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد آنے والے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی آج چھٹے پاکستان چین وزرائے خارجہ سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کے تسلسل کا حصہ ہے، ملاقات میں ہمہ موسمی سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے، اقتصادی و تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے بنیادی مفادات پر حمایت کے اعادے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اگرچہ اس دورے کا مقصد سٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت ہے لیکن سفارتی ماہرین انڈیا اور پاکستان کی حالیہ جنگ کے تناظر میں اسے اہم گردان رہے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سٹریٹجک ڈائیلاگ میں سی پیک ٹو پر بھی بات چیت ہو گی کہ موجودہ منصوبے کی تکمیل کیسے ہو گی اور مزید کون سے نئے منصوبے شروع کیے جا سکتے ہیں۔
