اوکاڑہ:سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثرہ اوکاڑہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی مشترکہ امدادی کارروائیاں پوری تندہی سے جاری ہیں۔ دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی سے آنے والے سیلابی پانی نے متعدد دیہات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد امدادی ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔
پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر متعدد ریسکیو اینڈ ریلیف کیمپس قائم کیے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے اب تک ہزاروں افراد کو ان کے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ افراد کی طبی امداد کے بھی بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور فوری علاج مہیا کیا جا سکے۔
فوجی جوانوں نے اپنی روایت کے مطابق خدمتِ انسانیت کے جذبے کے تحت سول انتظامیہ کے شانہ بشانہ تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔پاک فوج ہمیشہ کی طرح مشکل کی اس گھڑی میں بھی قوم کے ساتھ ہے۔
پاک فوج کا ریلیف مشن، دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی کے متاثرہ علاقوں میں سرگرمیاں جاری
