لاہور — پنجاب حکومت کی خصوصی ہدایات پر وائلڈ لائف رینجرز نے سیلاب زدہ اضلاع میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق اس آپریشن کی نگرانی براہِ راست وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کر رہی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے وائلڈ لائف ٹیموں کو خصوصی ایمبولینسیں اور ویٹرنری ڈاکٹرز فراہم کیے ہیں، جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں انسانی میڈیکل کیمپس کے ساتھ ساتھ ویٹرنری کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں جہاں جانوروں کا معائنہ اور علاج جاری ہے۔
- 26 اگست کو سیالکوٹ میں سرحد پار سے بہہ کر آنے والے ہرن کے جوڑے کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
- 27 اگست کو نارووال میں زخمی اور حاملہ مادہ ہرن کو طبی سہولت فراہم کی گئی۔
- شکرگڑھ میں 27 اگست کو ایک نابالغ نر ہرن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
- 28 اگست کو مریدکے، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین میں تین نر و مادہ ہرن الگ الگ کارروائیوں میں ریسکیو کیے گئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 29 اگست رات 10 بج کر 35 منٹ تک کل 7 ہرنوں کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام محکمے مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ انسانی زندگیوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جانوروں کی زندگیاں بھی اتنی ہی قیمتی ہیں جتنی انسانی جانیں” اور حکومت اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ نہ صرف ایک اخلاقی اور آئینی ذمہ داری ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی ورثہ بھی ہے۔ قدرتی آفات کے دوران سب سے زیادہ خطرہ جانوروں کو لاحق ہوتا ہے، اسی لیے حکومت پنجاب وائلڈ لائف ریسکیو آپریشنز کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کر رہی ہے۔
