پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں بندش برقرار

لاہور/پشاور — پنجاب اور خیبر پختونخوا میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، تاہم لاہور سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متعدد سکولز اور کالجز بدستور بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے سیلابی صورتحال کے باعث 45 سکولوں کو آئندہ حکم تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں چوہنگ، موہلنوال ملتان روڈ، موڑ فرخ آباد، ریٹیگن روڈ، سگیاں، تار گڑھ شاہدرہ اور بند روڈ کے سرکاری سکول شامل ہیں۔ اسی طرح شفیق آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، گاؤں شالا اور موہلنوال سمیت مختلف علاقوں میں بھی سکول بند رہیں گے۔

محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق، شدید بارشوں اور ممکنہ طغیانی کے پیشِ نظر سیلاب زدہ علاقوں میں اسکولز کو ریلیف کیمپس کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے بھی خبردار کیا ہے کہ یکم سے 7 ستمبر تک دریاؤں میں شدید طغیانی کا امکان ہے۔

اسی دوران، لاہور ڈویژن میں 20 کالجز کو بھی دو روز کے لیے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جن میں چھ کالجز لاہور ڈسٹرکٹ کے ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سکولز اور کالجز میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔ طلبہ کی چھٹیاں ختم ہونے کے ساتھ ہی تعلیمی اداروں میں معمول کا تدریسی سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ پنجاب میں اسکولز 28 مئی سے بند تھے اور ابتدائی طور پر 14 اگست کو کھلنے تھے، تاہم شدید گرمی اور خراب موسم کے باعث تعطیلات کو 31 اگست تک بڑھا دیا گیا تھا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے