صدر اور وزیراعظم کا سید علی گیلانی کو چوتھی برسی پر خراج عقیدت

اسلام آباد — صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے حریت رہنما سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی کو کشمیری عوام کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے وقف کر دی۔ ان کا عزم، قربانی اور ثابت قدمی ظلم و جبر کے باوجود ناقابلِ تسخیر رہے۔ صدر نے مزید کہا کہ گیلانی کا لہو تحریکِ آزادی کو ہمیشہ زندہ رکھے گا، پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کا مقدمہ اٹھاتا رہے گا اور بھارت کا جبر کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی سیاسی بصیرت اور قیادت سے کشمیری عوام کی آواز کو عالمی ایوانوں تک پہنچایا۔ ان کی پاکستان سے محبت کشمیری عوام اور پاکستانی قوم کے درمیان گہرے روحانی اور دلی رشتے کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیلانی کی زندگی مزاحمت اور آزادی کی جدوجہد کی علامت ہے، ان کی تعلیمات کشمیری نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ "ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” آج بھی کشمیری عوام کی زبان پر گونج رہا ہے اور بھارتی تسلط کے خلاف اُن کے عزم کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے