چلاس — گلگت بلتستان حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث چلاس کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور دو ٹیکنیکل اسٹاف موجود تھے۔
جی بی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کو فنی مسئلہ پیش آیا جس کے بعد لینڈنگ کی کوشش کی گئی، تاہم وہ زمین پر گر گیا۔ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ لگ گئی جسے بجھانے کے لیے ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے اور ہر ممکن امدادی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
علاقائی انتظامیہ کے مطابق کمانڈر ایف سی این، ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان اسکاؤٹس، کمشنر دیامر اور بڑی تعداد میں مقامی افراد بھی جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں ملبے سے متاثرہ عملے کو نکالنے اور آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔