بیجنگ : شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں پاکستان کےدہشت گردی کے حوالے سے موقف کی تائید کرتے ہوئے جعفر آباد ایکسپریس اور خضدار میں اسکول بس پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
سرکاری ٹی وی ’پی ٹی وی نیوز‘ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی تائید کی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی پر پاکستان کا موقف ہمیشہ سے واضح اور دو ٹوک رہا ہے جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔
ایس سی او کے جاری اعلامیہ میں بھی دہشت گردی کی تمام اقسام کو قابل مذمت قرار دینا پاکستان کے موقف کی تائید ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دہرے معیار کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے جاری اعلامیے میں جعفر ایکسپریس اور خضدار میں بچوں کی سکول بس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی سرحد پار نقل و حرکت سمیت دہشت گردی کے تمام پہلوؤں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ کہ ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، عالمی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی اور اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ اور مؤثر کارروائی کی جائے‘۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے تمام نسلی سیاسی گروہوں کے نمائندوں کی شمولیت سے وسیع شرکت کے ساتھ حکومت قائم کی جائے۔
ایس سی او اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہر قوم کو آزادی سے اپنے سیاسی، سماجی اور اقتصادی راستے کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے، دہشتگرد گروہوں کو سیاسی یا کرائے کے مقاصد کے لیے استعمال کرنا ناقابل قبول ہے۔