چین نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا سازش کا الزام مسترد کر دیا۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری جنگ عظیم میں چین کی جاپان پر فتح کی یادگاری تقریب میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی شرکت پر چین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا چین کو امریکا کے خلاف سازش کرتے ہوئے پیوٹن اور کم جونگ ان کو میری نیک خواہشات پہنچائیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا چین کے صدر اچھے دوست ہیں، انہیں بیرونی حملہ آور کو شکست دینے میں امریکی مددکا اعتراف کرنا چاہیے تھا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چین نے امریکی صدر کی جانب سے سازش کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کی یادگاری تقریب میں روس اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کو بلانا امریکا کے خلاف سازش نہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا چین کے کسی بھی ملک سے تعلقات کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں ہوتے، ماضی، حال یا مستقبل جو بھی ہو، چین ہمیشہ سے عالمی امن کے لیے ایک مضبوط قوت رہا ہے۔