لاہور: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی ضمانت منظور کر لی۔
جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے شیر شاہ کی رہائی کا حکم دیا۔
عدالتی حکم کے مطابق شیر شاہ کی جانب سے ضمانت کی درخواست ایک لاکھ روپے مالیت کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کی گئی ہے، جس کے جمع کرانے پر انہیں رہا کردیا جائے گا۔
پولیس نے انہیں جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا تھا، جو کہ 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد درج ہونے والے بڑے مقدمات میں شمار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ جناح ہاؤس لاہور میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں اور رہنماؤں کو نامزد کیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئیں جبکہ مختلف ملزمان کو ضمانت بھی دی جا چکی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔