قطر کی سول و عسکری قیادت کی جانب سے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ذمے دارانہ کردار کو سراہا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور سے ملاقات کی، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل جاسم محمد سے بھی ملاقات کی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کے سرکاری دورے پر ہائر ملٹری کوآپریشن کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق قطر آرمڈ فورسز ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا کی قطر کی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا اور دفاعی و سکیورٹی شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک قطر تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جبکہ قطری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کی تعریف کی۔