غزہ پر اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے اور تازہ حملوں میں مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کے مطابق جمعرات کو اسرائیل نے وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی، جس میں 7 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 3 بچے بھی شامل تھے۔
جنوبی رفح میں بھی اسرائیلی فوج نے امداد کے منتظر لوگوں کے ایک گروپ پر گولیاں چلائیں جو امدادی سامان کے مرکز کے قریب موجود تھے۔ اس حملے میں 7 افراد شہید اورکئی زخمی ہوئے۔
الجزیرہ کے مطابق جمعرات کو غزہ میں اسرائیلی فوج کے زمینی اور فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 75 فلسطینی شہید ہوئے۔اسرائیل نے گزشتہ 3 روز میں 250 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق 2 سالہ جنگ میں اسرائیلی فوج نے غزہ کے 21 ہزار بچوں کو معذور کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ شہر کے 40 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
فوجی ترجمان کے مطابق غزہ میں یہ آپریشن آنے والے دنوں میں مزید وسیع اور شدید ہوگا۔ فوجی کارروائیاں اُس وقت تک ختم نہیں ہوں گی جب تک اسرائیلی قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا اور حماس کی حکمرانی ختم نہیں ہو جاتی۔