غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے مزید 69 فلسطینی شہید جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکنے کا نام نہیں لے رہی۔ جمعہ کو اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی میں واقع مشتاحہ ٹاورکو نشانہ بنا یا۔
اسرائیلی فوج نے عمارت فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے زیراستعمال ہونے کا دعویٰ کیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 69 فلسطینی شہید ہوئے۔ان حملوں میں 422 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں روزانہ کی بنیاد پر 28 فلسطینی بچے شہید ہونے لگے۔ غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں میں 30 فیصد تعداد فلسطینی بچوں کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک فلسطینی شخص کو گولی مار کر شہید کر دیا۔
وزارتِ صحت نے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت احمد شہادہ کے طور پر کی ہے، جن کی عمر 57 برس تھی اور مزید بتایا کہ اسرائیلی فوج ان کی لاش اپنے ساتھ لے گئی۔