پاکستان محمد نواز کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے افغانستان کو تین ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں 70 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سہ ملکی ٹی 20 سیریزکا فائنل شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کیلیے 142 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں افغانستان کی ٹیم 66 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
قومی ٹیم کی اوپننگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور صاحبزادہ فرحان صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔ بعد ازاں 49 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 17 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جنہیں راشد خان نے ہدف بنایا اور 27 کے انفرادی جبکہ 51 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیجا۔ اس کے بعد حسن نواز اور کپتان سلمان آغا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 69 تک پہنچایا تو راشد خان نے حسن نواز کو 15 کے انفرادی اسکور پر چلتا کردیا۔
پھر 72 کے مجموعی اسکور پر نور احمد نے وکٹ کیپر محمد حارث کو کلین بولڈ کر کے پویلین واپس بھیجا۔ یوں پاکستان کی آدھی ٹیم 72 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔
سلمان آغا 112، فہیم اشرف 130 اور محمد نواز 136 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ فخر زمان 27 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
افغانستان اننگز
ہدف کے تعاقب میں افغانستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 7 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری، پھر 28 پر دوسرا کھلاڑی آؤٹ ہوا۔
اس کے بعد محمد نواز نے لگاتا 2 وکٹیں لیں اور 29 پر چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے، پھر 32 کے مجموعی اسکور زردان بھی نواز کا شکار بنے۔
اس کے بعد 32 کے ہی اسکور پر کریم جنت اور پھر 46 پر محمد نبی آؤٹ ہوئے۔ بعد ازاں 55 کے مجموعی اسکور پر راشد خان، جبکہ 57 پر نور احمد اور 66 پر غضنفر پویلین لوٹے۔
محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں سے ایک میڈان کروا کے 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ ابرار احمد اور سفیان مقیم نے دو دو اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جس کے تحت سلمان مرزا کی جگہ سفیان مقیم کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔