اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پاک بحریہ کے جوانوں، افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے یوم بحریہ پر پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، پاک بحریہ کی تاریخ بہادری کی داستانوں سے بھرپور ہے، 1965ء کی جنگ میں آپریشن سومنات یادگار حیثیت رکھتا ہے۔
محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاک بحریہ نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر فیصلہ کن حملہ کرتے ہوئے مواصلاتی نظام کو تباہ کیا تھا، بحیرہ عرب میں طاقت کے توازن کو قائم رکھنے میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار اس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے،
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ معرکہ حق میں پاک بحریہ نے بڑی کامیابی سے اپنی تیاری اور عزم کا عملی ثبوت دیا، پاکستان اپنی آبی سرحدوں کی حفاظت اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرنا جانتا ہے۔