بھارت کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے اسٹیج شوز سے وقفہ لینے کا اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ذاکر خان نے یہ اعلان انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں کیا جس میں انہوں نے مداحوں کو بتایا کہ وہ اپنی بگڑتی صحت کے خدشات کے باعث اسٹیج شوز سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لے رہے ہیں۔
کامیڈین کے مطابق وہ گزشتہ ایک برس سے صحت میں تبدیلی محسوس کر رہے تھے تاہم کچھ مجبوریوں کی وجہ سے کام جاری رکھے ہوئے تھے۔
38 سالہ ذاکر نے انسٹاگرام اسٹوری پر مزید کہا کہ وہ ایک لمبے عرصے سے ٹورز کررہے ہیں اور صبح سے رات تک لوگوں کو خوش کرنے کے لیے شوز کرنے میں مصروف رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے کھانے پینے کا کوئی ٹائم ٹیبل نہیں ہے۔
کامیڈین نے مزید کہا کہ وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے ہیں اس لیے اب آرام کرنا چاہتے ہیں۔
ذاکر خان نے مداحوں کو مطلع کیا کہ وہ غیر ملکی ٹورز کے بجائے صرف انڈیا کے شوز کریں گے تاکہ لمبے سفر سے بچ سکیں۔