کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع شیرانی میں واقع ہیڈ کوارٹر تھانے سمیت ایک اور تھانے پر نامعلوم دہشتگردوں نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں پولیس کے دو اہلکار شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کے مطابق حملہ رات گئے کیا گیا جس میں دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جس کی وجہ سے تھانے کا کمیونیکیشن نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حملے میں پولیس اور لیویز کے متعدد اہلکار زخمی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور ژوب کے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ایمبولینسز بھی روانہ کر دی گئیں ہیں۔