وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنے عزیز بھائی شہزادہ محمد بن سلمان، ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیر اعظم کی طرف سے ریاض کے سرکاری دورے پر دل کی گہرائیوں کو چھونے والے استقبال سے بہت متاثر ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ ‘رائل سعودی ایئرفورس کے جیٹ طیاروں کی طرف سے میرے طیارے کو فراہم کردہ بے مثال حصار اور سعودی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کے گارڈز کا شاندار استقبال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائی جانے والی محبت اور باہمی احترام کا اظہار کرتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سعودی ولی عہد کے ساتھ میری آج کی اہم ترین بات چیت میں علاقائی چیلنجوں کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے وسیع سلسلے کا احاطہ کیا گیا‘۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’میں سعودی ولی عہد کے وژن اور مسلم دنیا کو فراہم کردہ ان کی قیادت کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہوں‘۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’میں دو طرفہ محاذ پر مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان سعودی سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے میں ولی عہد کی گہری دلچسپی کی قدر کرتا ہوں‘۔
شہباز شریف نے کہا کہ میری دعا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی فروغ پاتی رہے اور عظمت کی نئی بلندیوں کو چھوئے۔ انشاءاللہ!