آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے اظہار رائے کی آزادی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق سپین کے سان سیباسٹین فلم فیسٹیول میں اپنی تازہ ترین فلم کی نمائش کے دوران ان کا یہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکامیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تنقید کرنے والے میڈیا پر کریک ڈاؤن کے بعدامریکا میں اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ امریکا میں اظہار رائے کی آزادی سے خوفزدہ ہیں تو انہوں نے کہا کہ میں اپنے ملک سے محبت کرتی ہوں لیکن کہیں بھی کوئی بھی چیز جو لوگوں اور معاشرے کو تقسیم کرتی ہے یا اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرتی ہے میرے خیال میں بہت خطرناک ہے۔ یہ بہت، بہت بھاری وقت ہے۔