عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی اگلی قسط کے سلسلے میں آئی ایم ایف کا جائزہ مشن کل سے پاکستان کا دورہ کرے گا۔
عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد پاکستان میں تقریباً دو ہفتے قیام کرے گا۔ آئی ایم ایف مشن پاکستان کی معاشی صورت کا دوسرا جائزہ لے گا۔ تکنیکی مذاکرات میں جنوری سے جون 2025 کا ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔
حکام وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان آئی ایم ایف کے زیادہ تر اہداف پورے کر چکا ہے، پہلے تکنیکی اور پھر پالیسی مذاکرات ہوں گے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی پر بھی بحث کی جائے گی۔ پالیسی سطح کے مذاکرات میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی شرکت کریں گے۔
مذاکرات کی کامیابی پربورڈ کی منظوری سے ایک ارب ڈالر کی اگلی قسط ملے گی، ستمبر 2024 میں طے پانے والے پروگرام کے تحت 2.1 ارب ڈالر مل چکے۔
دورے کے دوران موسمیاتی تبدیلی کیلئے اقدامات میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، آئی ایم ایف آر ایس ایف پروگرام کی مد میں 1.4 ارب ڈالر کی منظوری دے چکا۔ کلائمیٹ فنانسنگ پروگرام کی فنڈنگ بھی ای ایف ایف کی کارکردگی سے مشروط ہے۔