بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو نے ایشیاء کپ 2025 سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور بنگلادیش کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سے مصافحہ کیا ۔
بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ایشیاء کپ 2025 سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں دبئی میں مدمقابل تھیں جہاں بھارتی ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ ہاردک پانڈیا نے 38 اور شبمن گل نے 29 رنز کا اضافہ کیا۔
جواب میں بنگلادیش کی ٹیم 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی، سیف حسن 69 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، تاہم دیگر بلے باز بھارتی بولنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔
تاہم، میچ کے بعد ایک دلچسپ لمحہ دیکھنے کو سامنے آیا جب بھارتی کپتان نے پاکستان کے سابق لیگ اسپنر اور بنگلادیش کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سے مصافحہ کیا۔