ایران نے اسرائیلی جوہری منصوبوں اور تنصیبات کی خفیہ معلومات ظاہر کردیں۔
ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے ایک پروگرام میں انکشاف کیا ہے یہ آپریشن رواں سال جون میں مکمل کیا گیا تھا ۔ خفیہ معلومات لاکھوں صفحات پر مشتمل دستاویزات، تصاویر اور ویڈیوز پر مبنی تھیں جس کا ایرانی حکام نے تفصیلی جائزہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق خفیہ معلومات کو اس وقت تک منظرعام پر نہیں لایا گیا جب تک تمام مواد محفوظ مقامات تک پہنچ نہیں گیا۔ ایرانی وزیرِ انٹیلی جنس اسماعیل خطیب کے مطابق یہ کامیاب کارروائی ہماری انٹیلی جنس اور آپریشنل صلاحیتوں کے امتزاج کا نتیجہ ہے۔
ان دستاویزات میں ان محققین، سائنسدانوں اور سینئر مینیجرز کی فہرست بھی شامل ہے جو اسرائیل کے غیر انسانی ہتھیاروں کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ان میں امریکی اور یورپی سائنسدان بھی شامل ہیں۔ ایرانی انٹیلی جنس نے ان افراد کے اداروں، کمپنیوں اور تمام ساتھیوں کے پتے بھی حاصل کر لیے ہیں۔