قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے بھارت کیخلاف فائنل سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ کل پاکستان کو جیتتے ہوئے دیکھیں گے، ہماری کوشش ہے کہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلیں ، اگرچالیس اوورتک پلان پرعمل کیا توکسی ٹیم کو بھی ہراسکتےہیں، صائم ایوب اگلے دس سال تک ٹیم کے کام آسکتا ہے، صائم نے فیلڈنگ اوربولنگ میں اچھی پرفارمنس دی، توقع ہے صائم فائنل میں اچھی بیٹنگ کریں گے۔
سلمان آغا کا کہناتھا کہ گراؤنڈ سے باہر کی چیزوں کو کنٹرول نہیں کرسکتے ، میڈیا یا دیگر لوگوں کی باتوں کو کنٹرول کرنا ہمارا کام نہیں، ہمارا ہدف ایشیاکپ جیتنا ہے،اسی کےلیے میدان میں اتریں گے، کبھی نہیں دیکھا کہ دوٹیموں میں ہینڈ شیک نہ ہوا ہو، کبھی میرے والد نے بھی ایسی بات نہیں بتائی کہ ہینڈشیک نہیں ہوا، پہلے بھی پاک بھارت میچز ہوئے ،حالات خراب ہونے کےباوجود ہینڈشیک ہوئے، ہینڈ شیک نہ ہونا کرکٹ کےلیے اچھا نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے اسپنرز کو زیادہ مدد مل رہی تھی ،اسی لیے اسپنرز پر زیادہ انحصار کیا، اگرکوئی گراؤنڈ میں جارحانہ انداز دکھانا چاہتاہے کوئی مسئلہ نہیں ، فاسٹ بولرز سے اگراس کا جارحانہ پن چھین لیں تو کچھ بچتا ہی نہیں ، ہرکھلاڑی کو پتہ کہ جذبات کو کیسے قابو رکھنا ہے ، ہرکھلاڑی کو جذبات کے اظہارکا حق ہے بس کسی کی توہین نہ کرے۔