ایشیائی منڈی میں پیر کو خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان رہا جس کی وجہ عراق کے کردستان ریجن سے ترکیہ کے راستے خام تیل کی برآمدات کا دوبارہ آغاز اور اوپیک پلس کی جانب سے نومبر میں پیداوار میں ایک اور اضافہ کرنے کا منصوبہ بتایا جا رہا ہے۔
کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ فیوچرز 34 سینٹ یا 0.5 فیصد گر کر 69.79 ڈالر فی بیرل پر آگئے،امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ 43 سینٹ یا 0.7 فیصد کم ہو کر 65.29 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
ماہرین کے مطابق پیداوار میں اضافے کے خدشات منافع کو محدود کر رہے ہیں تاہم قریبی مدت کا سخت منظرنامہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر تیل کی قیمتوں کو دباؤ میں رکھے ہوئے ہے۔
عراق کی وزارت تیل کے مطابق ہفتہ کو ڈھائی سال بعد پہلی بار شمالی عراق کے نیم خود مختار کردستان ریجن سے پائپ لائن کے ذریعے خام تیل ترکیہ بھیجا گیا جو ایک عبوری معاہدے کے بعد ممکن ہوا۔