ریاست فلسطین نے غزہ میں جنگ کے خاتمے کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے ساتھ ہی فلسطین کی زمینوں کے انضمام اور آبادی کے جبری انخلا کو روکنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔
فلسطینی قیادت نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے امریکی کردار پر اعتماد کا اظہار کردیا۔ امریکا اور خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر امن کیلئے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاست فلسطین کے بیان میں انسانی امداد کی فراہمی، قیدیوں اور یرغمالیوں کی رہائی پر زور دیا گیا۔ فلسطینی عوام کے تحفظ اور جنگ بندی کے احترام کیلئےمؤثر اقدامات کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔
فلسطین نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کا اعادہ کیا۔ جنگ کے بعد ایک سال کے اندر صدارتی و پارلیمانی انتخابات کرانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
بیان میں جدید، جمہوری اور غیر فوجی فلسطینی ریاست کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ دو سال کے اندر نصاب کو یونیسکو معیار کے مطابق ڈھالنے کا اعلان بھی کر دیا گیا۔ شہدا اور قیدیوں کے خاندانوں کو رقوم دینے والے قوانین کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔