ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خواتین کا روپ دھارے دہشتگردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنادی۔ آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔آپریشن کے دوران خواتین کا لباس پہن کر بھاگنے والے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ قوم کے تعاون سے دہشتگرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔