فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں جاری
اسلام آباد: فیڈرل کانسٹیبلری (FC) کا ہیڈکوارٹر پشاور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ایوان صدر کے عقب میں ہیڈکوارٹر کی تعمیر کے لیے جگہ مختص کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی عمارت بری امام کے قریب ایوان صدر کے عقب میں تعمیر کی جائے گی، جسے اسپیشل کیس کے طور پر اسی مالی سال میں مکمل کرنے کا امکان ہے۔ منصوبے کے تحت آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری کا دفتر بھی ہیڈکوارٹر کے اندر قائم کیا جائے گا۔
فیڈرل وزیر داخلہ کی ہدایت پر سی ڈی اے نے فوری طور پر اراضی کی نشاندہی کی، تاکہ تعمیراتی عمل میں تاخیر نہ ہو۔
واضح رہے کہ سرحدی علاقوں میں امن قائم رکھنے کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری کا قیام عمل میں آیا تھا، جبکہ 1975 میں ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں اسے وفاق کے ماتحت کر دیا گیا۔ بعد ازاں قومی سطح پر کردار بڑھنے کے باعث اسے فیڈرل کانسٹیبلری کا درجہ دیا گیا۔