اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کے اسرائیلی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صمود فلوٹیلا انسانی ہمدردی، عالمی یکجہتی اور اخلاقی عزم کی علامت ہے، پاکستان اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق 16 ستمبر کو پاکستان نے 15 ممالک کے ساتھ مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں فلوٹیلا کی سیکیورٹی پر گہری تشویش ظاہر کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلوٹیلا میں موجود پاکستانی شہریوں کی سلامتی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر یرغمالیوں کی رہائی اور اپنے شہریوں کی جلد و محفوظ واپسی کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان اتحادی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ فلوٹیلا میں موجود پاکستانیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔