کولمبو: ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی بیٹر نتالیہ پرویز کے تعارف پر بھارتی میڈیا نے نیا تنازع کھڑا کردیا۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان کولمبو میں کھیلے گئے میچ کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے سابق کپتان ثنا میر نے بتایا کہ نتالیہ پرویز کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔ یہ کلپ بھارت میں تیزی سے وائرل ہوا اور بھارتی میڈیا نے اسے تنازع میں بدلنے کی کوشش کی۔
بھارتی اینکرز نے "آزاد کشمیر” کے لفظ کو بنیاد بنا کر شدید ردعمل دیا اور آئی سی سی سے ثنا میر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
واضح رہے کہ نتالیہ پرویز کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کی وادی بنڈالہ سے ہے اور وہ کئی بار قومی ویمنز ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
ثنا میر نے بھارتی ردعمل پر ایکس (سابق ٹوئٹر) پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ بطور کمنٹیٹر ان کی توجہ ہمیشہ کھیل، ٹیموں اور کھلاڑیوں پر رہتی ہے۔ کھلاڑیوں کے آبائی علاقوں کا ذکر ان کے سفر اور مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے ہوتا ہے، اس کو سیاست سے جوڑنا افسوسناک ہے۔