ویتنام میں سمندری طوفان بوالوئی اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور 51 افراد ہلاک، 14 لاپتہ اور اور 164 زخمی ہو گئے ۔
خبرایجنسی کے مطابق ویتنام ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی نے جمعہ کو اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ طوفان بوالوئی سے 2 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا ، 89 ہزار ہیکٹر سے زائد چاول اور دیگر فصلیں زیر آب آگئیں جبکہ 17 ہزار ہیکٹر سے زائد آبی حیات اور تقریباً 50,300 ہیکٹر جنگلات کو نقصان پہنچا۔
طوفان سے انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، 8,800 سے زائد بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں اور تقریباً 4 لاکھ 68 ہزار 500 گھرانے تاحال بجلی سے محروم ہیں جبکہ تقریباً 1,500 سکولوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انتظامیہ نے رپورٹ میں کہا کہ معاشی نقصانات کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 15.9 ٹریلین ویت نامی ڈونگ (تقریباً 60.8 ملین امریکی ڈالر) ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مقامی حکام بحالی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، سڑکوں سے ملبہ ہٹانے، بنیادی سہولیات کی بحالی اور متاثرہ کمیونٹی کی مدد کے لئے مشینری اور وسائل متحرک کیے جا رہے ہیں۔
وزیر اعظم پھام منہ چنہ نے گزشتہ روز مرکزی بجٹ ریزرو سے 2.524 ٹریلین ویتنامی ڈونگ (تقریباً 96.5 ملین امریکی ڈالر) کی امدادی رقم کی منظوری دی ہے جو 15 متاثرہ علاقوں کو ہنگامی امداد کے طور پر فراہم کی جائے گی۔