وزیراعظم شہباز شریف پانچ سے سات اکتوبر تک ملائشیا کا سرکاری دورہ کریں گے، جس دوران ملائیشین ہم منصب کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات شیڈول ہیں جبکہ اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کی دعوت پر کل ملائشیا کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکومتی حکام پر مشتمل وفد بھی ساتھ ہوگا۔ تین روزہ دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ملائیشین ہم منصب کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کریں گے۔ اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ پاکستان، ملائیشیا کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قائم مضبوط اور دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کا مظہر ہے۔